مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، الجزیرہ نے حالیہ دنوں اور ہفتوں میں امریکی ڈرونز کو اتارنے کے حوالے سے ایران کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اگرچہ اس سلسلے میں ایران کی کارروائیوں کے بارے میں معلومات محدود ہیں، تاہم اس طریقۂ کار کو سمجھنے کے لیے ڈرون کو ایک اڑنے والے کمپیوٹر کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے، جو اپنی نقل و حرکت اور بلندی ناپنے والے سینسرز اور اپنی پوزیشن معلوم کرنے والے آلات سے لیس ہوتا ہے۔ بعض ڈرونز زمینی کنٹرول اسٹیشن کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں، جہاں سے انہیں احکامات اور معلومات موصول ہوتی ہیں، جبکہ بعض پہلے سے طے شدہ راستے پر پرواز کرتے ہیں یا خودکار طریقے سے فیصلے کرتے ہیں۔
ڈرونز کی شناخت اور نگرانی
ڈرون کو متاثر کرنے کے لیے سب سے پہلے اس کی شناخت اور نگرانی ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے ریڈار، حرارتی کیمرے اور وائرلیس سگنلز کی نگرانی کرنے والے آلات بیک وقت استعمال کیے جاتے ہیں تاکہ چھوٹے ڈرونز کا بھی سراغ لگایا جاسکے۔
یہ باہمی تعاون اس لیے اہم ہے کہ چھوٹے ڈرونز کی شناخت آسان نہیں ہوتی۔ صرف مواصلاتی سگنلز کی نگرانی سے بھی ایسے ڈرونز کا پتا نہیں چل سکتا جو قابلِ نگرانی سگنلز خارج نہیں کرتے۔ اس لیے ان کی شناخت کے لیے متعدد طریقوں کو بیک وقت استعمال کرنا ضروری ہوتا ہے۔
ڈرونز کے مواصلاتی نظام میں خلل
جب زمینی نگرانی کے نظام ڈرون کی موجودگی اور مقام کا پتا لگا لیتے ہیں تو اسے ناکارہ بنانے کا ایک نسبتاً آسان طریقہ اس کے مواصلاتی نظام میں خلل ڈالنا ہے۔ یہ عمل ایسے ہی ہے جیسے شدید شور میں کسی شخص کی آواز سننے کی کوشش کی جائے۔ جب ڈرون اور اس کے کنٹرول اسٹیشن کے درمیان رابطہ کمزور پڑ جاتا ہے تو اسے احکامات موصول ہونا بند ہوسکتے ہیں یا آپریٹر کو ملنے والی ویڈیو نشریات منقطع ہوسکتی ہیں۔
ایسی صورت میں اخلال پیدا کرنے والا آلہ خود ڈرون کا متبادل کنٹرولر نہیں بن جاتا بلکہ ڈرون اپنی پروگرامنگ کے مطابق ردعمل ظاہر کرتا ہے۔ وہ اپنے ابتدائی مقام پر واپس جاسکتا ہے، لینڈنگ کی کوشش کرسکتا ہے، رابطہ بحال ہونے کا انتظار کرسکتا ہے یا اپنے خودکار نظام کی مدد سے پرواز جاری رکھ سکتا ہے۔
اخلال کا ایک دوسرا طریقہ سیٹلائٹ نیوی گیشن کے سگنلز، بالخصوص جی پی ایس، کو نشانہ بنانا ہے۔ یہ سگنلز زمین تک پہنچتے پہنچتے بہت کمزور ہوجاتے ہیں، اس لیے ریڈیو مداخلت کے ذریعے انہیں ڈرون کی رسائی سے باہر کیا جا سکتا ہے۔ نتیجتاً ڈرون اپنی پوزیشن معلوم کرنے کے ایک اہم ذریعے سے محروم ہو جاتا ہے۔
نیوی گیشن کو دھوکا دینے سے مکمل کنٹرول تک
نیوی گیشن کو دھوکا دینے کا طریقہ محض سگنلز روکنے سے آگے بڑھ کر ڈرون کو جعلی لیکن بظاہر درست معلومات فراہم کرتا ہے۔ اس طریقے میں ڈرون کا نیوی گیشن سسٹم مصنوعی سگنلز وصول کرتا ہے اور اسے یہ گمان ہونے لگتا ہے کہ وہ اپنی حقیقی جگہ کے بجائے کسی دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔ اس طرح ڈرون کا پرواز کا سافٹ ویئر معمول کے مطابق کام کرتا رہتا ہے، لیکن وہ غلط معلومات کی بنیاد پر فیصلے کرتا ہے۔
ایک تیسرا طریقہ ڈرون کے کنٹرول سسٹم میں مداخلت کرنا ہے۔ اگر حملہ آور احکامات بھیجنے والے کی شناخت کی تصدیق کے نظام یا سافٹ ویئر کی کسی کمزوری سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب ہوجائے تو ڈرون اپنے اصل آپریٹر کے بجائے کسی دوسرے ذریعے سے آنے والے احکامات بھی قبول کر سکتا ہے۔ بعض نظام کنٹرول سگنلز کی نقل تیار کرکے ڈرون کے رویے پر اثر انداز ہونے اور اسے اپنی مرضی کی سمت میں لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ڈرون کی کمزوری صرف اس کے اندرونی نظام تک محدود نہیں ہوتی بلکہ اس کے آپریٹر کے آلات، پورے ڈرون بیڑے کے انتظامی نظام اور ان سے منسلک سافٹ ویئر میں بھی موجود ہوسکتی ہے۔ درحقیقت ڈرون ایک بڑے اطلاعاتی نظام کا حصہ ہوتا ہے اور اس نظام کے کسی ایک حصے میں مداخلت پورے نظام کو متاثر کرسکتی ہے۔
الیکٹرانک جنگ میں ایران کی صلاحیتیں
الجزیرہ کے مطابق، ان میں سے کسی بھی سطح پر مداخلت کرنا آسان نہیں، کیونکہ ڈرونز کو مختلف حفاظتی نظاموں سے لیس کیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر، انکرپشن مواصلاتی معلومات کو محفوظ بناتی ہے جبکہ شناخت کی تصدیق کے نظام یہ جانچتے ہیں کہ احکامات بھیجنے والا کون ہے اور آیا یہ احکامات درست ہیں یا نہیں۔
بعض ڈرونز کے مواصلاتی نظام میں اخلال سے بچنے کے لیے فریکوئنسی ہاپنگ جیسی ٹیکنالوجی استعمال ہوتی ہے۔ اس طریقے میں سگنل بھیجنے اور وصول کرنے والے آلات بیک وقت مختلف فریکوئنسیز کے درمیان تبدیلی کرتے رہتے ہیں، جس سے مواصلاتی رابطے میں خلل ڈالنا مشکل ہو جاتا ہے، تاہم یہ طریقہ بھی مکمل تحفظ فراہم نہیں کرتا۔
اسی طرح ڈرونز اپنے نیوی گیشن نظام میں سیٹلائٹس پر انحصار کم کرنے کے لیے جمودی سینسرز (Inertial Sensors) کی معلومات، کیمروں اور زمینی نشانات سے بھی مدد لیتے ہیں۔ تاہم ان متبادل طریقوں کی بھی اپنی حدود ہیں۔ جمودی نیوی گیشن میں وقت گزرنے کے ساتھ غلطیاں جمع ہوتی رہتی ہیں، جبکہ روشنی اور موسمی حالات کی وجہ سے کیمروں کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ان تمام طریقوں کے اپنے اخراجات اور خطرات ہیں اور کوئی بھی ڈرون الیکٹرانک جنگی نظام، بالخصوص مربوط نظاموں کے مقابلے میں مکمل طور پر محفوظ نہیں ہے۔
الجزیرہ کا کہنا ہے کہ ایران کا بنیادی فائدہ اس کی فضائی دفاعی اور الیکٹرانک جنگی نظاموں کی یہ صلاحیت ہے کہ وہ الیکٹرانک سگنلز کی نگرانی اور شناخت کے بعد ڈرونز کے مواصلاتی یا نیوی گیشن نظام کو متاثر کر سکتے ہیں۔
اگرچہ اس بارے میں کوئی مستند تفصیلات دستیاب نہیں ہیں کہ حالیہ واقعات میں ایران کے کس مخصوص نظام یا تکنیکی صلاحیت نے ڈرونز کا کنٹرول حاصل کرنے میں کردار ادا کیا، تاہم تین متعلقہ صلاحیتوں کی نشاندہی کی جا سکتی ہے۔
پہلی صلاحیت نیوی گیشن اور مواصلاتی نظام میں خلل ڈالنے کی ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے انسپکٹر جنرل کی 2020ء میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں ایسی انٹیلی جنس معلومات کا حوالہ دیا گیا تھا جن کے مطابق ایران جی پی ایس اور سیٹلائٹ مواصلاتی سگنلز میں خلل ڈالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایران کے پاس خلل ڈالنے سے پہلے الیکٹرانک سگنلز کی شناخت اور نگرانی کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔ اس کے علاوہ ایران نے 2024ء کی فوجی مشقوں کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ ریڈارز، ڈرونز، معلومات کی پروسیسنگ کے نظام اور الیکٹرانک جنگی آلات کو باہمی ہم آہنگی کے ساتھ استعمال کر سکتا ہے۔
الجزیرہ نے اپنی رپورٹ کے اختتام پر لکھا ہے کہ ڈرون جنگ درحقیقت دو مخالف فریقوں کے درمیان مسلسل جاری رہنے والی ایسی جنگ ہے جس میں دونوں ایک دوسرے کی صلاحیتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی ٹیکنالوجی کو بہتر بناتے رہتے ہیں۔ ایک طرف ڈرونز کی خفیہ پرواز کی صلاحیت میں اضافہ ہورہا ہے تو دوسری طرف الیکٹرانک جنگی آلات زیادہ جدید اور سگنلز کی نگرانی کرنے والے نظام زیادہ مؤثر ہوتے جارہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ